ابنا: آل خلیفہ کے فوجی بحرین کے انقلابی عوام کو ڈرانے دھمکانے کے لۓ ان کے بچوں کو اغواء کرنے کے بعد ان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ اس سلسلے میں آل خلیفہ کی سیکورٹی فورسز نے السنابس کے علاقے سے ایک بچے کو اغواء کرنے کے بعد اسے بری طرح زد وکوب کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق السنابس کے باشندوں کو یہ بچہ نیم مردہ حالت میں ایک پارکنگ میں ملا اور اس کے بدن پر چاقو کے زخموں کے نشانات موجود تھے۔
اس بچے کے اہل خانہ نے تاکید کی ہے کہ آل خلیفہ کی سیکورٹی فورسز نے اس بچے کو اسکول سے گھر آتے ہوۓ راستے سے اغواء کرلیا تھا۔ آل خلیفہ کے غیر انسانی اقدامات کا انکشاف ایسی حالت میں ہورہا ہے کہ جب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے کل ہی ایک بیان میں آل خلیفہ کے غیر انسانی اقدامات کی مذمت کی تھی۔ دریں اثناء بحرین کے جوانوں کی انسانی حقوق جمعیت نے منامہ کے سلمانیہ ہسپتال میں ایک ٹارچر سیل کی خبر دی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب آل خلیفہ کی شاہی حکومت پرامن مظاہروں میں سیکورٹی فورسز کے تشدد میں زخمی ہونے والوں کا علاج کرنے کے جرم میں بیس ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے تعلق رکھنے والے افراد پر مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بحرینی عوام ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل جلوس نکال کر آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی سرنگونی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بحرین میں چودہ فروری دہ ہزار گیارہ کو انقلابی تحریک کے آغاز سے اب تک سیکڑوں شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء بحرین کے ایک سیاسی رہنما یوسف الحوری نے کہا ہے کہ بحرین میں انسانی حقوق کی پامالی کی صرف زبانی مذمت کرنے کا کوئي فائدہ نہیں ہے۔
عالمی برادری کو مذمت کے ساتھ ساتھ ٹھوس اور موثر اقدامات بھی انجام دینے چاہئيں۔ یوسف الحوری نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے بحرین کی حکومت پر تنقید کے بارے میں کہا کہ زبانی مذمت صرف ایک تشہیراتی پہلو کی حامل ہے اور بحرین میں انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کے سلسلے میں سود مند نہیں ہے۔
دریں اثناء خبری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کے شاہی گارڈ کے فوجیوں کی دسیوں گاڑیاں بحرینی عوام کے پرامن مظاہروں کو کچلنے میں آل خلیفہ کی کارندوں کو مدد فراہم کرنے کے لۓ بحرین میں داخل ہوچکی ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب بحرینی عوام اپنے ملک سے قابض سعودی فوجیوں کے انخلاء پر تاکید کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں دوسرے ممالک میں رہنے والے بحرینی باشندوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحرین سے سعودی عرب کے فوجیوں کو نکال باہر کرنے کے لۓ ٹھوس اقدامات انجام دے۔ بحرینی عوام نے اپنے ملک میں آل سعود کے فوجیوں کی موجودگی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوۓ بحرین میں مظالم کا ارتکاب کرنے والوں پر مقدمہ چلاۓ جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ واضح رہے کہ بحرین کے عوام نے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے خلاف فروری سنہ دو ہزار گيارہ سے اپنی انقلابی تحریک کا آغاز کر رکھا ہے اور مظاہرین پر آل خلیفہ اور آل سعود کے فوجیوں کے حملوں میں اب تک سیکڑوں عام شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔....... /169